اوکاڑہ یونیورسٹی میں کتاب“ ٹیچنگ میتھڈ” کی تقریب رونمائی

42

اوکاڑہ،14جولائی( اے پی پی):اوکاڑہ یونیورسٹی آڈیٹوریم میں“ ٹیچنگ میتھڈ” کتاب کی تقریب رونمائی ڈاکٹر خالد سلیم   کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے پروفیسر اطہر خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

یہ کتاب اوکاڑہ یونیورسٹی سے ڈاکٹر شہزاد احمد ، ڈاکٹر طاہر خان فاروقی، ایجوکیشن یونیورسٹی فیصل آباد سے ڈاکٹر آصف اقبال، ہمدرد یونیورسٹی کراچی سے ڈاکٹر شیر محمد عوان اور ہائیل یونیورسٹی سعودی عرب سے پروفیسر انوار مہ جبین نے مل کر مرتب کی جبکہ ادارت کے فرائض علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے ڈاکٹر محمد سمیع اللہ نے سر انجام دیے۔

تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد نے کتاب کے مصنفین کی کاوشوں کو سراہا اور کتاب کو بارش کے پہلے قطرے سے تشبیہ دی، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کتاب میں محض لفاظی کی بجائے حقائق پہ زیادہ زور دیا گیا ہے۔

پروفیسر اطہر نے کہا کہ ہم جو لفظ بولتے یا لکھتے ہیں وہ ہماری ذمہ داری بن جاتا ہے اور اس ذمہ داری کو نبھانا بہت مشکل اور قابل ستائش فعل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کتاب ابھی تک دنیا کی سو لائبریریوں کی زینت بن چکی ہے۔ ڈاکٹر شہزاد کا کہنا تھا کہ تدریس کے درست اور جدید طرائق کار کو جاننا اور سیکھنا ہر شعبے کے طلباءکے لیے ضروری ہے اور پیشہ وارانہ اساتذہ کوبھی اس کی ضرورت پڑتی ہے۔ڈاکٹر فارقی نے بتایا کہ یہ کتاب ان تمام پہلووں کا احاطہ کرتی ہوئی نظر آتی ہے جس میں عموما ًاساتذہ کو مشکلات پیش آتی ہیں۔ ڈاکٹر سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ درس و تدریس سے منسلک ہر شخص کو یہ کتاب لازمی پڑھنی چاہیے۔ تقریب کے اختتام پہ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبامیں کتاب کی کاپیاں تقسیم کی گئیں۔