لاہور، 14 جولائی ( اے پی پی ): صوبائی وزیر لائیو سٹاک ابراہیم مراد نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پروائس چانسلر نے صوبائی وزیر کو جامعہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر نے اس امر پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے 79 پروگراموں میں 7ہزار سے زائد طالب علم تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک سیکٹر کا زرعی جی ڈی پی میں حصہ 61.9فیصد جبکہ قومی جی ڈی پی میں 14فیصد شیئر ہے،8ملین سے زائد دیہاتی خاندان اپنی آمدن کا 35سے 40فیصد حصہ لائیوسٹاک پروڈکشن سے حاصل کرتے ہیں۔ پاکستان میں شعبہ لائیو سٹاک کو ترقی دیکرقومی غذائی ضروریات پورا کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو خود روزگار بھی مہیا کیا جاسکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لائیوسٹاک سیکٹر میں جدید تحقیق کے ذریعے گوشت اور دودھ کی پیداوار بڑھانے میں قومی تھینک ٹینک کاکردار ادا کر سکتی ہے۔
صوبائی وزیر لائیو سٹاک ابراہیم مراد نے طالبعلموں سے کہا کہ وہ نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے لائیوسٹاک کے کاروبار اور تحقیق و جستجو کے میدان کو اپنی دلچسپی کا مرکز بنائیں اور دوسروں کے روزگار کا سبب بنیں۔ اسی طرح پاکستان حلال گوشت کی فراہمی کے کاروبار کو ترقی دیکر حلال مصنوعات کی 2221ارب ڈالر سے زائد کی عالمی مارکیٹ میں اپنا حصہ ڈال سکتا ہے جس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔











