ٹنڈومحمدخان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کیمپس کا قیام ، نوجوانوں کے لیے آگے بڑھنے کا بہترین زریعہ ہے؛سید قاسم نوید قمر

24

ٹنڈومحمدخان،15جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی و ڈسٹرکٹ چیئرمین ٹنڈومحمدخان سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ ٹنڈومحمدخان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کیمپس کا قیام علاقے کی نوجوانوں کے لیے آگے بڑھنے کا بہترین زریعہ ہے، نوجوانوں کو چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں تعلیم کے حصول کو یقینی بنائیں، تعلیم یافتہ نوجوان مستقبل میں ملک کی تعمیر و ترقی سمیت خوشحالی کا زریعہ بنتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمدخان میں لاء کالج کیمپس کی کلاسز شروع کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا، لاء کالج کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر، یونیورسٹی کے وائس چانسلر سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم نےکیا۔

 تقریب سے خطاب کے دوران سید قاسم نوید قمر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ، ٹنڈومحمدخان میں امراض قلب کے ادارے این آئی سی وی ڈی ، تھیلیسیمیا سینٹر ، زیبیسٹ ، نرسنگ کالج کے ساتھ ساتھ شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کیمپس کے قیام سے علاقے کے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔

 سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ غریب طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے ضلعی کونسل کی جانب سے اسکالر شپ بھی دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ٹیکنکیل افراد کو نمایاں پوزیشن حاصل ہے، سندھ حکومت صوبے بھر میں نوجوانوں کی ٹیکنکیل تعلیم کے لئے اقدامات کررہی ہے۔

 اس موقع پر انہوں نے ٹنڈومحمدخان سجاول روڈ کو دورویہ بنانے کا بھی اعلان کیا۔

تقریب سے خطاب کے دوران لاء یونیورسٹی کے وائس چانسلر رانا شمیم کا کہنا تھا کہ سیشن جج میڈم منور سلطانہ اور ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی نے وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر کو ٹنڈومحمدخان میں یونیورسٹی کا کیمپس قائم کرنے کا مشورہ دیا تھا، جس پر عمل کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے اپنی انتہک کاوشوں کے زریعے ممکن بنایا ہے۔ انہوں نے کیمپس میں نوے فیصد مقامی افراد کو ملازمتیں دینے کا اعلان کیا۔

تقریب سے خاتون سیشن جج میڈم منور سلطانہ ، ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی ،انڈس یونیورسٹی آف ماڈرن سائینسز کے چانسلر ڈاکٹر محمد اقبال میمن ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر علی محمد میمن سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

 تقریب میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ نورالحق قریشی ، وکلاء اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔