ٹنڈومحمدخان،15 جولائی (اے پی پی): ایس ایس پی غلام نبی کیریو نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر کے تمام حساس و انتہائی حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سمیت پولیس کی بھاری نفری تعینات رہے گی، اگر ضلع بھر میں کسی نے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی کوئی تو اسے عبرتناک سزا دی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہی، اجلاس میں علماء کرام، تاجروں، شہریوں سمیت تمام پولیس اسٹیشنز کے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان غلام نبی کیریو کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو برقرار رکھنے کے لیے علماء کرام و شہری بھرپور تعاون کریں، علماء کرام شر انگیز تقاریر سے گریز کریں۔
شہریوں کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات کے سوال پر ایس ایس پی غلام نبی کیریو نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام حساس و انتہائی حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جارہے ہیں، جبکہ ان مقامات پر چوبیس گھنٹے پولیس کی نفری تعینات رہے گی، ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اپنی ڈیوٹی سر انجام دے گی۔انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں کے دوران عزاداروں کو اسنیک چیکنگ کے زریعے جلوس میں شامل کیا جائے گا، ماتمی جلوسوں کی گزر گاہوں کو مکمل طور پر سیل کردیا جائے گا، تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقع پیش نا آسکے۔











