ڈیرہ غازی خان؛ناقص کارکردگی کے حامل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے،ڈپٹی کمشنر

28

ڈیرہ غازی خان،16جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہدزمان لک نے کہا ہے کہ ناقص کارکردگی کے حامل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا،ممکنہ سیلاب سے بچنے کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر مہر شاہدزمان نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے  حوالے سے کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، متعلقہ افسران روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ  ناقص کارکردگی کے حامل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے، عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامی افسران موقع کا دورہ ضرور کریں، ایسا کوئی ریلیف کیمپ نہ چھوڑا جائے جس کا دورہ اسسٹنٹ کمشنرز  نہ کریں۔

ڈپٹی کمشنر مہر شاہدزمان نے کہا کہ ہیلتھ مراکز پرتمام ادویات بالخصوص سانپ کاٹنے کی ادویات لازمی میسر ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صفائی و ستھرائی کو یقینی بنا کرمحرم روٹس کے پیچ ورک کو جلد مکمل کیا جائے اور  سروسز ڈیلیوری کیلئے یونین کونسل سیکرٹریوں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر،محمد اسد چانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنرز عثمان غنی،زاہد اقبال،طارق شبیر،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری،ڈی او انڈسٹریز اصغر صدیقی،ڈپٹی ڈائریکٹرز غلام محمد،محمد طارق،سلمان شاہ،احمد رضا اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔