اوکاڑہ؛ امن کمیٹیاں محرم الحرام کے دوران مقامی انتظامیہ کی معاونت کریں،ڈپٹی کمشنر

31

اوکاڑہ،16جولائی(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں ہمیں اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد ،امن و آشتی ،محبت و یگانگت اور بھائی چارے کی فضا کو بر قرار رکھنا ہے، بین المسالک ہم آہنگی کے لئے علماء مشائخ، تاجروں،صحافیوں اور عوام نے مل جل کر کام کرنا ہے، ہمیں عصبیت اور فرقہ واریت سے پاک معاشرہ کے قیام کے لئے اجتماعی اور انفرادی طور پر کردار ادا کرنا ہے، پاکستان ہم سب کا ہے اور یہاں پر بسنے والے تمام لوگ آپس میں بھائی بھائی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرمحمد ذیشان حنیف نے کہا کہ عید الالضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے لئے مثالی انتظامات ایک ٹیم ورک اور عوامی معاونت کا مظاہرہ تھا ہم عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رکھتے ہوئے اپنے تمام وسائل کو لوگوں کی آگاہی اور راہنمائی اور مدد کے لئے بروئے کار لائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام بلدیاتی اداروں کے چیف افسران سمیت تمام سرکاری محکموں کے افسرا ن و ملازمین کی صفائی ستھرائی کے لئے مربوط کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے ضلع میں بہترین خدمات سر انجام دینے پر ریسکیو 1122کے محکمہ کی بھی تعریف کی۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کےدوران جلوسوں کے روٹو ں پر صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت کا کام فوری طور پر مکمل کریں عارضی تجاوزات کو ہٹایا جائے، جلوسوں کے روٹوں اور مجالس میں تواتر سے بجلی کی فراہمی کے انتظامات مکمل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہر علاقہ کی مقامی امن کمیٹیاں محرم الحرام کے دوران ضروری اقدامات کے سلسلہ میں مقامی انتظامیہ کی معاونت کریں تاکہ ہر سطح پر بہترین انتظامات کئےجاسکیں۔

اجلا س میں ممبران ضلعی امن کمیٹی اور تمام سرکاری محکموں کے ضلعی سر براہان نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید کوثر رضوی، مولانا ظفراللہ قمر لکھوی، تاجر راہنما چوہدری عبد المجید بھلر ،چوہدری محمد فیصل،راناماجد، ڈسٹرکٹ خطیب قاری سعید عثمانی ،راؤ محمد عتیق گوہر ،قاری حفیظ اللہ بلوچ ،قاری محمد اسلم صدیقی قاری اقبال چشتی، قاضی محمد اسلم اوکاڑوی ،مولانا حسان صدیقی ،اقلیتی راہنما جان جاوید اور پادری نثار لیاقت نے خطاب کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و آشتی کی فضا کو بر قرار رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں میں اپنے بھر پور تعاو ن کایقین دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں نفرت وکدورت کو جگہ نہ دیں ۔

 ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کے عید الالضحیٰ کے موقع پر ضلع بھر میں مثالی صفائی ستھرائی کے انتظامات پر ممبران امن کمیٹی اور علماء نے خراج تحسین پیش کیا۔

ڈپٹی کمشنرنے ضلعی امن کمیٹی کو یقین دلایاکہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔

بعد ازاں قاضی محمد اسلم اوکاڑوی نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی ،امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعا کروائی ۔