ڈیرہ غازی خان، 17جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان مہر شاہد زمان لک نے محرم الحرام اور عاشورہ کے موقع پر بہترین انتظامات کے سلسلہ میں ڈی پی او حسن افضل کے ہمراہ تحصیل تونسہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے تونسہ مجالس اورجلوسوں کےروٹس،سہولیات،سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عاشورہ محرم کے دوران ضابطہ اخلاق،وقت اور روٹس پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی کے اراکین،علمائے کرام،منتظمیں اور عوام قیام امن کے لیے انتظامیہ کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے مجالس،جلوسوں کی نگرانی کی جائے گی۔ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام،ضلعی انتظامیہ،پولیس فورس محرم الحرام کو پرامن بنانے کے لیے متحد ہیں۔اس موقع پر ڈی پی او حسن نے کہاکہ ضلع بھر کی پولیس فورس کو الرٹ کر دیا گیا ہے،کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تونسہ سمیت ضلع بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئےگئے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ پولیس فورس قیام امن اور فرائض کی ادائیگی کے لیے تیار ہے اور فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دے کر اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجالس کی مانیٹرنگ کے لیے تحصیل و ضلعی سطح پر کنٹرول رومز قائم ہیں جو 24گھنٹے کام کررہے ہیں۔اس موقع پر ڈی ایس پی تونسہ محمد عمر فاروق،ایس ایچ او تھانہ صدر علی عمران،احمد فہیم ایس ایچ او تھانہ سٹی نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو سکیورٹی صورتحال بارے بریفنگ دی گئی ۔











