ڈیرہ غازی خان ،17 جولائی(اے پی پی ) ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود کے ہمراہ رات گئے چیک پوسٹ غازی گھاٹ کا دورہ کیا اور سکیورٹی کے اقدامات، چیکنگ کے مراحل ،سکیورٹی اقدامات، تعینات نفری، اسلحہ و ایمونیشن، مورچوں اور فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔
آر پی او سجاد حسن نے موجودہ حالات اور محرم الحرام کے پیش نظر ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں کو ہمہ وقت الرٹ رکھنے کا حکم جاری کیا اور چیک پوسٹ سے گزرنے والے تمام افراد کی بائیومیٹرک تصدیق اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹس سمیت تمام گیجٹس کے استعمال کو ہرصورت یقینی بنائیں اور بین الصوبائی و بین الاضلاعی چیک پوسٹوں اور داخلی خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کو جاری رکھا جائے۔
اس موقع پر کمشنر نے چیک پوسٹ غازی گھاٹ پر سمارٹ ویری فیکیشن اینڈ الرٹ سسٹم اور اینٹی وہیکل کار لفٹنگ سسٹم سمیت دیگر اہم سافٹ وئیرزکے ذریعے چیکنگ کے مراحل کا بھی جائزہ لیا ۔











