شمالی وزیرستان،17 جولائی (اے پی پی ):وزیرستان میں پانچ جون سے جاری چمپئین شپ ٹرافی میگا سپورٹس گالا اختتام پذیر ہوگیا، مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر تحصیل میران شاہ نے میدان مارلیا اورسات مقابلوں میں پہل اور دو میں دوسری نمبر کے ساتھ94نمبر حاصل کرکے چمپئین تحصیل کا اعزاز اپنے نام کر کیا۔
مختلف مقابلوں میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے ،مجموعی طور پر 36ٹیموں میں فٹ بال کی چمپئین ٹرافی سیلاب کلب میران شاہ نے اپنے نام کر لی۔
اے سی میر علی خالد عمرا ن اور تحصیل دار غنی الرحمن اور ایس ایچ او تھانہ میران شاہ ابراہیم نے جیتنے والی ٹیموں کو ایوارڈ سے نوازا،انعامات کی پر وقار اور رنگا رنگ تقریب کی مہمان خصوصی میجر جنرل نعیم اختر جی او سیون ڈویژن میران شاہ تھے ۔
پوزیشن حاصل کرنے والوں کو نقد انعامات اور ٹرافی دینے کے لئے یونس خان کرکٹ سٹیڈیم میران شاہ میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں فٹ بال کے فائنل میچ کے علاوہ جمناسٹک اور رسہ کشی کا مظاہرہ کے ساتھ روایتی پشتون خٹک ڈانس بھی پیش کیا گیا جس سے حاضرین محظوظ ہوئے۔
اس موقع پر جی او سی میجر جنرل محمد نعیم اختر نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں اور انفرادی کارکردگی والوں کو دو دو لاکھ اور دوسری پوزیشن لینے والوں کو ایک ایک لاکھ روپے کے نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں اس کے علاوہ پولیس اور سول انتظامیہ کو بھی پوزیشن لینے پر ایوارڈ اور ٹرافیاں دیں۔
اس میگا سپورٹس گالا سے قبل سیون ڈویژن کی جانب سے وزیرستان کے شاعروں ادیبوں کے درمیان بھی شعر و شاعری کا مقابلہ کرایا گیا اس میں وزیرستان کے پچاس کے قریب شعرا کرا م نے حصہ لیا تھا جس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے شاعر کو موٹر سائیکل دوسری پوزیشن لینے والے کو لیپ ٹاپ تیسری پوزیشن والے کو موبائل سیٹ اور چوتھے پوزیشن لینے کو نقد انعام دیا گیا تھا ۔
اس کے علاوہ پورے وزیرستان کے دینی مدرسوں کے طلباء کے درمیان ذہنی آزمائش اور فٹ سال کے مقابلے کرائے گئے تھے اور اس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے مدرسے کے طلباء کو نقد انعامات اور مدرسے کے مہتمم کو عمرہ پیکج دیا گیا تھا ان مقابلو ں اور انعامات کی تقریب کو دیکھنے کے لئے کثیر تعداد میں شائقین کھیل یونس خان سٹیڈیم میں موجود تھے ۔
اس موقع پر ملکان اور مشران نے بتایا کہ ایسے مواقع بار بار میسر ہونی چاہئے کیونکہ اس سے ہمارے قوم کے جوانوں اور بچوں میں آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا ہوتا ہے ایسے مقابلوں ہمارے آئندہ نسل کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے اور وہ خود کو مقابلے کے لئے تیار ہونے کا فن سیکھتے ہیں۔
اس موقع پر میجر جنرل نعیم اختر نے کہا کہ ہماری کوشش وزیرستان کے عوا م کے چہروں پر تازگی لانا ہے یہ سلسلہ یہاں ختم نہیں ہوگا بلکہ یہ سلسلہ جاری رہے گا اور ہمارے کوشش ہوگی کہ اس میں مزید بہتری لائی جائے اور مقامی جوانوں کے دوسرے اضلاع کے ساتھ مقابلے کرائے جائیں تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو آزمانے کے مواقع مل سکیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیاکہ وزیرستان آپ لوگوں کا گھر ہے اور یہاں امن کا قیام بھی آپ لوگوں کی ضرورت ہے جس کے لئے سب کو کردار ادا کرنا چاہیے۔











