نوشہرہ ورکاں، ڈینگی بخار سے بچاؤ مہم کے سلسلے میں آگاہی واک کا اہتمام

14

نوشہرہ ورکاں، 17جولائی (اے پی پی): نوشہرہ ورکاں میں ڈینگی بخار سے بچاؤ مہم کے سلسلے میں ریسکیو 1122 اور محکمہ بلدیات کے زیر اہتمام آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے کی۔ شرکاء نے ڈینگی سے آگاہی سے متعلق بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے واک دفتر میونسپل کمیٹی سے شروع ہو کر چوک تاجدار ختم نبوت المعروف تھانہ والا چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جہاں اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے بارے میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹ تقسیم کئے۔

 اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھروں سے بچنے کیلئے شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں خصوصاً اپنے اردگرد رہائشی اور کمرشل جگہوں پر پانی کھڑا نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی جیسے موذی مرض سے چھٹکارا پایا جا سکے۔