چنیوٹ،17 جولائی (اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ڈی پی او عبداللہ احمد نے عوام کی آسانی کے لیے ڈرائیونگ لائسنس وین کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او عبداللہ احمد کا کہنا تھا شہریوں کے لیے پولیس سروسز کے حصول میں مزید بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جار ہے ہیں، عوام کے لئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو مزید آسان بنا دیا گیا ہے، ڈرائیونگ لائسنس وین کے زریعے لوگوں کا ڈرائیونگ ٹیسٹ ان کی دہلیز پر ہی لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس وین عوام کو لرنر کے ساتھ ساتھ ڈرائیونگ لائسنس بھی ان کو دہلیز پر مہیا کرے گی۔
ڈی پی او عبداللہ احمد نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس وین دور دراز علاقوں میں جا کر لوگوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت فراہم کرے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس ورک میں جدیدٹیکنالوجی کا بہترین استعمال کر کے شہریوں کے لیے پولیس سروسز کے حصول میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔