تعلیمی بورڈ سرگودہا کے زیر ِاہتمام سالانہ سپورٹس ایوارڈ تقریب کا انعقاد

33

سرگودہا۔17جولائی  (اے پی پی):تعلیمی بورڈ سرگودہا کے زیر ِاہتمام سالانہ سپورٹس ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کمشنر وچئیر مین تعلیمی بورڈسرگودہا محمد اجمل بھٹی، سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر محسن عباس اور ڈائریکٹر سپورٹس روشن ِضمیر نے70 تعلیمی اداروں کے سات سو طلباء کے 24 مختلف کھیلوں اور ادبی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد اجمل بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچے مستقبل کے معمار ہیں اُن کی سماجی تربیت کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں اور خصوصاً کھیل بھی نا گزیر ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بچوں کو بنیادی تعلیم مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی نشونما کے لیے بھی سنجیدگی سے کوشیش جاری ہیں۔ کمشنر و چیئرمین نے مزید کہا کہ تعلیمی بورڈ سرگودہا بچوں کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو پورا کرنے کے لیے اہم کردار ادا کررہا ہے کھیلوں کے مقابلے صحت مند رجحان کو جنم دیتے ہیں بچوں کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں میں نہ صرف اضافہ ہوتا ہے بلکہ ان کہ پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے میں بھی مدد ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نفسا نفسی کے دور میں ہم کھیلوں کے میدانوں سے دور ہوگئے ہیں جن کی وجہ طلباء طالبات ذہنی و جسمانی مسائل کا شکار ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر محسن عباس نے کہا کہ سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے انعقاد کا مقصد طلبا میں جذبہ مسابقت کو فروغ دینا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ترقی کا راستہ تعلیمی اداروں سے ہی نکلتا ہے اور ہمیں اپنی نوجوان نسل میں انصاف اورمساوات کی تعلیم کو عام کر کے ملک کا مستقبل روشن بنانا ہوگا۔ سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر محسن عباس نے ڈائریکٹر سپورٹس روشن ضمیر کو کامیاب پروگرام کرانے پر مبارک باد دی اور سپورٹس کو بڑھانے کے لیے تعلیمی بورڈ ہر طرح کی سہولت میسر کرے گا۔