ملتان، 17 جولائی ( اےپی پی): حکومت پنجاب کی محرم الحرام کے موقع پر مثالی امن یقینی بنانے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے امن و امان کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی کابینہ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن منصور قادر نے کابینہ کمیٹی برائے امن کے ملتان دورے کے موقع پر جنوبی پنجاب میں محرم الحرام انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے امن کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے تعاون کی خواہاں ہے۔ امن کیلئے ضلعی انتظامیہ کو مکمل اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔ صوبائ وزیر منصور قادر نے کہا کہ انہیں اطمینان ہے کہ جنوبی پنجاب میں محرم الحرام میں امن قائم رکھنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں۔ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن نے انتظامیہ ،پولیس کے آپس کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہترین کوآرڈینیشن سے معاملات آسانی سے حل کئے جاسکتے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں برداشت،صبر اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔فرقہ وارانہ تباہی کو روکنے کیلئے حکومت نے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا اور تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا، محرم الحرام کے حوالے سے تمام مسالک کے علما سے ملاقات اور بات چیت ہوئی ہے، سب نے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ امن کی فضا قائم رکھنے میں ہم سب کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔سوشل میڈیا پر بغیر تحقیق مذہبی منافرت پر مبنی مواد پر کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی چیزوں پر بھروسہ نہ کریں کیونکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر آنے والی ہر چیز درست نہیں ہوتی، فرقہ واریت اور انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ قوم کو پہلے سے زیادہ جاگنے کی ضرورت ہے، ہم سب کو جاگنے اور فکر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اگر ہمارا دشمن انتشار پھیلانے کی کوشش کرے تو اُسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پوری قوم اور ملک افواج پاکستان اور سلامتی اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔
کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کو محرم الحرام کے جلوسوں کی مرمت کا ٹاسک سونپا جاچکا ہے۔عزاداروں کی سہولت کیلئے جلوسوں کے روٹس کی مرمت کا کام جاری ہے۔واسا کو گٹروں کے ڈھکن تبدیل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ 9,10 محرم کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور کم وولٹیج کے سدباب کیلئے لکھا جارہا ہے۔ آر پی او ملتان ریجن کیپٹن ر سہیل چوہدری نے بتایا کہ محرم الحرام کے پہلے 10 روز 910 جلوس، 3182 مجالس ہونگی۔محرم الحرام میں امن و امان کیلئے جامع سیکورٹی پلان مرتب کیا جاچکا ہے۔ڈویژن میں 10 ہزار سے زائد جوان ڈیوٹی پر مامور رہیں گے۔ڈپٹی کمشنر ملتان عمر جہانگیر، سی پی او منصور الحق رانا ،جنوبی پنجاب کے کمشںرز ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز، ڈی پی اوز نے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔