چنیوٹ،17جولائی(اے پی پی):پولیس نے محرم الحرام کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور محرم کے تمام پروگرامز کا سیکیورٹی پلان مرتب ہو چکا ہے۔
اس حوالے سے ڈسڑکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد کا کہنا تھا کہ چنیوٹ پولیس نے محرم الحرام کے حوالے سے تمام سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری و ہم آہنگی، امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔کسی کو بھی چنیوٹ کا امن و امان تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں خود مجالس،جلوسوں کے روٹس کا دورہ کررہا ہوں،ٹربل پوائنٹس پر سیکیورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا جارہاہے۔ محرم الحرام میں کل 258 جلوس نکالے جائیں گے جس میں 32 جلوس کیٹیگری اے، 66 جلوس کیٹیگری بی اور 160 جلوس کیٹیگری C کے ہوں گے۔ کل 685 مجالس ہائے کا انعقاد ہوگا جس میں سے 70 مجالس کیٹیگری اے، 193 مجالس کیٹیگری بی اور 422 مجالس کیٹیگری سی کی ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس،جلوسوں پر چنیوٹ پولیس ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز سمیت 15سو سے زائد افسران و جوان اور پاک فو ج کے دستے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ حساس مقامات پر ایلیٹ فورس کی ٹیمیں تعینات ہونگی۔ جلوسوں مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔سیکیورٹی و دیگر انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کردیاگیاہے۔ تمام پروگرامز کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی۔ ریزونفری پولیس لائن میں الرٹ رہے گی۔ حساس مقامات پر واک تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔حساس پوائنٹس پر چھتوں پر مسلح اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
ڈسڑکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے کہا کہ ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر ہائی الرٹ ناکہ بندی ہو گی ۔فرقہ واریت پھیلانے والی تقاریر کی ہرگز اجازت نہ ہوگی،محرم الحرام کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے دفعہ144کے نفاذ پر عملدرآمد یقینی بنایاجائیگا، محرم کے دوران جلوس ہائے کے موقع پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے سپیشل ٹریفک عملہ تعینات کیا جائے گا۔ تمام ذرائع بروئے کا ر لاتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و عامہ کی صورتحال کو برقراررکھا جائیگا۔