اسلام آباد، 19جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارت کے لیگل فریم ورک کے لئے جوائنٹ ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے،بلوچستان سے تافتان تک روڈ نیٹ ورک بچھایا ہے جس سے براستہ آذربائیجان یورپ کی منڈیوں تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آذر بائیجان کے وزیرِ برائے ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپورٹ رشد نبیایو سے وزارت مواصلات میں ملاقات میں کیا ۔ وزیر اسعد محمود نے آنے والے وفد کے ارکان کو خوش آمدید کہا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر گفتگو کی گئی اور حکومتی ،کاروباری اور عوامی سطح پر دو طرفہ رابطوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر اسعد محمود نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے روابط میں استحکام سے خطے میں ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی جبکہ وزیر رشد کی پاکستان آمد سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔
آذر بائیجان کے وزیرِ رشد نبیایو نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین مضبوط تعلقات کے لئے بین الوزارتی تعلقات اہم حیثیت رکھتے ہیں، آذربائجان نے اپنے روڈ انفراسٹرکچر ، ریلوے اور ہوائی اڈوں میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے جس کا فائدہ ہمسایہ ممالک کو اٹھانا چاہیے۔
رشد نبیایو نے کہا کہ ہم گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی چاہتے ہیں اور کہا آذر بائیجان پاکستان کیلئے بطور ٹرانزٹ روٹ بڑی اہمیت رکھتا ہے۔