نوشہرو فیروز، 19جولائی(اے پی پی ): کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے تمام مذہبی جماعتوں کے علمائے کرام، شہری، پولیس اور انتظامیہ اپنا کردار ادا کریں۔
اس بات کا اظہار آج انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے اور انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نے کہا کہ ضلعی سطح پر اور تمام تعلقوں میں محرم الحرام کے دوران کنٹرول روم قائم کئے جائیں اور مقامی سطح پر قائم امن کمیٹیوں کو فعال کیا جائے اور منتخب چیئرمینوں کو امن کمیٹیوں میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں عام طور پر لوڈ شیڈنگ اور روٹ کی صفائی کی شکایات ملتی ہیں اسلئے سیپکو اور ٹاؤن افسران تمام شکایات کا ازالہ کریں۔
کمشنر نے کہا کہ نوشہروفیروز شہر میں ڈرینج اور صفائی کی صورتحال کے بارے میں شہری مجھے نشاندہی کرتے رہتے ہیں اسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سوئی گیس حکام سے کہا کہ 13 محرم تک سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد محمد یونس چانڈیو نے کہا کہ امن وامان برقراررکھنے کے لئے ڈویزن میں سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کسی بھی نئے روٹ پر پابندی ہوگی اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے مختلف گروپوں کے ایڈمن سے کہا کہ نفرت پھیلانے والی پوسٹوں پر نظر رکھیں اگرشرپسند سوشل میڈیا کے ذریعے انتشار پھیلائے گا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے پاس ایسی ڈیوائسیں ہیں کہ اگرکوئی پوسٹ ڈلیٹ بھی کردے گا تب بھی اسکی تفصیلات مل جائیں گی اس لئے سوشل میڈیا پر کوئی نفرت انگیز یا شرپسندی پھیلانے والا مواد شیئر نہ کیا جائے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی صدام حسین خاصخیلی نے بتایا کہ ضلع میں محرم الحرام کے دوران 2233 پولیس کے افسران اور جوان خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 7 محرم الحرام سے 12 محرم تک ضلع بھر میں 105 مجالس اور جلوس منعقد ہوتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ نے تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنر سے کہا کہ وہ ٹاؤن افسران سے مل کر تمام روٹوں کی صفائی کا بندوبست کریں اور جلوس کے راستوں سے تجاوزات ختم کرائیں۔اپنے تعلقوں میں صفائی کی صورتحال بہتر کریں ۔