سیالکوٹ، 19 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان کا جموں توی ، مناور توی اور دریائے چناب کے ملحقہ علاقہ چپڑاڑ ، سیدپور اور بجوات کے مختلف دیہاتوں کا ہنگامی دورہ ، جموں توی میں سیلابی ریلے سے پیدا ہونے والی ممکنہ ہنگامی صورتحال کا جائزہ لیا ۔انہوں نےدریاکے حفاظتی بندھوں اور پشتوں کا معائنہ کیا اور فلڈ ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو اینڈ ریلیف کے لیے تمام محکموں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ۔انہوں نےفلڈ فائٹنگ پلان کے تحت ضلع میں قائم کئے گئے 22 فلڈ ریلیف کیمپس کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کی ۔
اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ غلام سرورنے بتایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بارشوں کی وجہ سے نالہ ڈیک میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ جموں توی میں بھارت کی جانب سے چھوڑے جانے والے پانی کی وجہ سے جموں توی کے ملحقہ دیہات کے متاثر ہونے کا خطرہ ہے ۔اس وقت مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں نچلےدرجے کا سیلاب ہے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر علاقہ بجوات ، چپڑاڑ اور سید پور کے ممکنہ طور پر متاثرہ ہونے والے دیہات کے مکینوں کو الرٹ جاری کردیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے ۔متعلقہ ادارے ممکنہ سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرپسرور نالہ ڈیک میں سیلاب کی صورتحال کی نگرانی کیلئے چہور میں موجود ہیں اور کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تین فلیڈ ریلیف کیمپ جن میں چہور،سیہووال،کلاسوالہ قائم کردئیے گے ہیں ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو نالہ ڈیک کی تازہ ترین صورت حال کی مانیٹرنگ کرنے کے احکامات بھی جاری کردئیے گے ہیں، اس وقت مقامی و ضلعی انتظامیہ مکمل الرٹ ہے جبکہ محکمہ ایرگیشن کو بھی بندھوں کو مضبوط بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سیالکوٹ کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے نئے سپل کا آغاز ہوچکا ہے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے فلڈ وارننگ بھی جاری کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شہری علاقوں سے بارشی پانی کی فوری نکاس کو یقینی بنانے کیلئے میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیوں اور ریسکیو 1122 کے پاس دستیاب تمام مشینری پوری طرح فعال ہے۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے کہاکہ وہ ممکنہ بریچنگ پوائنٹس کا خود معائنہ کررہے ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔