سکھر، 20 جولائی (اے پی پی):روہڑی اور سکھر سے کوٹری حیدر آباد تک چلنے والی ٹرین موہن جو دڑو ایکسپریس کو بحال کر دیا گیا۔ ڈی ایس ریلوے سکھر نے افتتاح کیا۔، افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
ترجمان ریلوے سکھر کے مطابق عوام کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے اندرون سندھ خصوصاً روہڑی، سکھر، لاکاڑنہ ،دادو ،سیہون شریف اور کوٹری کے عوام کی سہولت کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر موہنجو داڑو ایکسپریس کو 20 جولائی سے بحال کیا گیا ہے ۔
اس سلسلے میں افتتاحی تقریب سکھر ریلوے سٹیشن پر منعقد کی گئی جس میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اسلام آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ، سکھر میں محمود الرحمان لاکھو ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ نے دیگر افسران کے ہمراہ موہنجوداڑو ایکسپریس کا افتتاح کیا۔
موہنجو داڑو ایکسپریس براستہ روہڑی ،سکھر ،حبیب کورٹ، رک ریلوے سٹیشن، مدیجی، سر شاہنواز بھٹو، لاڑکانہ، باقرانی، موہنجوداڑو، رادھن، بالی شاہ، رحمانی نگر، پھلجی، پیارو گوٹھ، دادو، سیہون شریف اور کوٹری تک چلے گی جس سے ہزاروں مسافر سفری سہولیات سے مستفید ہوں گے۔
یہ ٹرین بیک وقت روہڑی سے کوٹری اور کوٹری سے روہڑی تک چلے گی جس سے سینکڑوں مسافر سستی اور معیاری سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔