ملتان،20جولائی(اے پی پی ):ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ ملتان میں ای-ویریفیکیشن سسٹم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے ای- ویریفیکیشن سسٹم کا افتتاح کیا۔انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں ای-ویریفیکیشن سسٹم شروع کیا جارہا ہے،اب ڈاکومنٹس اور سرٹیفکیٹس کی ویریفیکیشن کے لئے آن لائن اپلائی کیا جائے گا، ایک دن میں ویریفیکیشن کا عمل مکمل ہو گا، ای-ویریفیکیشن کو جدید آئی ٹی سسٹم کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ اب ویریفیکیشن کے لیے تعلیمی بورڈ آنے کے ضرورت نہیں۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد لوگوں کو سہولیات دینا اور آسانیاں پیدا کرنا ہوتا ہیں۔ ای ویریفیکیشن سے روزانہ سینکڑوں لوگ مستفید ہوں گے۔ ای – ویریفیکیشن سسٹم کے آغاز پر تعلیمی بورڈ کے تمام افسران اور ملازمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئر مین بورڈ حافظ محمد قاسم، سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد، کنٹرول امتحانات حامد سعید بھٹی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ ای- ویریفیکیشن کے لئے آئی ٹی کی ٹیم نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع چیئرمین تعلیمی بورڈ حافظ محمد قاسم نے کہا کہ ای-ویریفیکیشن لیٹر پر کیو آر کوڈ لگایا جائے گا۔ای-ویریفیکیشن لیٹر کو کیو آر کوڈ سے سکین کیا جاسکتا ہے۔ ادارے اپنے ملازمین کی اسناد کو آسانی سے ای ویریفیکیشن کرا سکتے ہیں۔
تقریب میں چیئرمین تعلیمی بورڈ حافظ محمد قاسم، سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد ، ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب عطا الحق ، ڈپٹی سیکرٹریز ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ محمد شاہد ملک اور ڈاکٹر محمد عظیم قریشی ، سیکشن آفیسر سلمان اسلم بھٹی، ڈائیریکٹر کالجز ملتان ڈویژن احمر رﺅف، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز لودھراں مجاہد کامران اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز وہاڑی غلام محمد بخاری،ڈپٹی کنٹرولر تعلیمی بورڈ محمد الیاس صدیقی نے بھی شرکت کی۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے تعلیمی بورڈ کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔