اسلام آباد،20جولائی (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق نائب صدر و پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر نے کہا ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی پی ایف ایف کے تین ماہ کے اندر رولز کے مطابق الیکشن کروائے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پاکستان فٹ بال ویٹرن کے سرپرست میاں عباس، راولپنڈی ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے چیئرمین راجہ اشتیاق احمد، سابق انٹرنیشنل فٹ بالرز امیتاز بٹ، امجد چوہدری اور عاصم راجپوت کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی انتخابات کروانے میں ناکام رہی ہے، وزیراعظم اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ معاملات کا نوٹس لیں۔ فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے الیکشن کیلئے 2019 ء میں نارملائزیشن کمیٹی تشکیل دی تھی، اتنا وقت گزرنے کے باوجود پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات نہیں ہو سکے۔
سردار نوید حیدر نے کہا کہ پاکستان کے لوکل ٹیلنٹ کو نظر انداز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹ بال کے سسٹم کو اب ٹھیک کرنا ہوگا، ایک سال سے الیکشن کے حوالے سے کوئی کام نہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ فیفا نے ہارون ملک کی مدت مارچ 2024ء تک توسیع کر دی ہے ۔ فیفا نے وفاقی حکومت کو ستمبر میں ملاقات کیلئے مدعو کیا ہے اور حکومت فوری طور پر فیفا سے رابطہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ نارملائزیشن کمیٹی بلا تاخیر فٹ بال فیڈریشن کے الیکشن کروائے۔ فٹبال کی اصل نرسری کلب ہے جس کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ چار سالوں سے ملک میں پریمیئر فٹبال لیگ نہیں ہو سکی اور نارملائزیشن کمیٹی نیشنل ایونٹ کروانے میں ناکام رہی، یہ ایونٹ ہوتے تو نوجوانوں کو روزگار ملتے۔ ستمبر میں فیفا کا وفد آئے گا اور جس میں اے ایف سی اور فیفا کے نمائندے بھی ہونگے۔