بھکر ، 21 جولائی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو خصوصی احکامات جاری کئے کہ روزانہ کی بنیادوں پر مارکیٹوں میں نکلیں اور مصنوعی مہنگائی اور اوور چارجنگ کرنیوالے دکانداروں کے خلاف بلا تفریق سخت ایکشن لے کر ان پر بھاری جرمانے عائد کریں جبکہ باز نہ آنے والے دکانداروں کے خلاف فی الفور ایف آئی آرز درج کرائی جائیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کا کہنا تھا کہ عوام الناس کو مارکیٹ ریلیف کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک انداز میں کام جاری رکھیں اور سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو خصوصی تاکید کی کہ تمام دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کا پابند بنایا جائے اور اس سلسلے میں قطعی طور پر رعایت نہ برتی جائے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو موثر بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ناقص کارکردگی کے حامل مجسٹریٹس اپنی کارکردگی کو ہر صورت بہتر بنائیں بصورتِ دیگر ان کا کڑا محاسبہ کیا جائے گا ۔