گوجرانوالہ،22 جولائی(اے پی پی): سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب ڈاکٹرارشاداحمد بھٹی نے میونسپل کارپوریشن کامونکی کا دور ہ کیا اور پنجاب سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت میونسپل کمیٹی کامونکی میں جاری منصوبوں کا جائزہ اور بریفنگ لی۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پنجاب نے اپنے دورہ کے دوران کہا کہ سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میونسپل سروسز کی فراہمی پر108 ملین، مشینری کی خرید پر285 ملین، پارکنگ شیڈ کی تعمیر پر52 ملین،سڑکوں کی تعمیر ومرمت پر381 ملین،واٹرسپلائی پر367ملین،سیوریج سسٹم کی بحالی پر1200 ملین لاگت آئے گی۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ روڈز، انفراسٹرکچر، سیوریج اورواٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کے منصوبوں کومقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں میں میٹریل کے معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ کامونکی کونئی مشینری کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے نئی گاڑیاں مہیا کردی ہیں اور کچھ پائپ لائن میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف شفاف شہر بیماریوں کے سدباب کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ اب واٹر سپلائی سیوریج،سڑکوں کی تعمیر اور دیگر مسائل حل کئے جارہے ہیں اور سیوریج سسٹم کو بھی اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔
بعد اذاں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ماڑیں روڈ،عزیز روڈ ،گودام روڈ سمیت دیگر منصوبوں کا دورہ بھی کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کامونکی خرم مختار بھنگو،ایم ڈی پی ایم ڈی ایف سی سید زاہد عزیز، جی ایم مسعود محمود تمنا، جی ایم انجینئرنگ افتخار رسول، ریجنل پروگرام کوآرڈینیٹر عظیم قدیر، سی او ایم سی کامونکی صوفیہ عاشق ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔