کوئٹہ،23 جولائی (اے پی پی ): ڈی جی پی ڈی ایم جہانزیب خان نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی ایڈوائزری کے مطابق تمام اضلاعی انتظامی افسران کیساتھ رابطے میں ہیں۔ جہاں بھی ضرورت پڑی انتظامیہ کی معاونت سے امدادی سرگرمیوں میں دلجمعی اورخلوص نیت کیساتھ اپنا کردار ادا کریں گے،امدادی کاروائیوں میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہوگی۔
ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین عبدالرشید پھورائی اورانتظامی افسران کے ہمراہ تحصیل لاکھڑا کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات اورانتظامیہ کی جانب سے فوری اور موثر امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود صورتحال سے آگاہی کیلئے تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں اور امدادی کاروائیوں کی نگرانی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان اور چیف سیکرٹری کے احکامات کی روشنی میں پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کی ہرممکن معاونت کیلئے تیار ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم جہانزیب خان نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع لسبیلہ میں مزید بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں تیاریوں کاازسرنو جائزہ لیا گیا ہے اور متعلقہ محکموں کے کردار اور خدمات پر بات چیت کی گئی ہے۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ لسبیلہ کے عوام کو مون سون بارشوں کے نقصانات سے بچانے کیلئے مربوط اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہونگے۔