بہاولنگر،25 جولائی (اے پی پی):پولیس کا محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے تسلسل اور عوام الناس میں احساس تحفظ اجاگر کرنے کے لیے ضلع بھر میں فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔فلیگ مارچ کی قیادت ڈی پی او سیّد علی رضا اور ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کی ، فلیگ مارچ کی قیادت سرکلز میں ایس ڈی پی او ز نے کی۔
فلیگ مار چ عبدالرزاق شہید پولیس لائن سے شروع ہوکر شہر کی مختلف شاہراؤں سے ہوتا ہوا عبدالرزاق شہید پولیس لائن اختتام پزیر ہوا ۔فلیگ مارچ میں ڈسٹرکٹ پولیس ، ایلیٹ فورس ، سول ڈیفنس،ریسکیو1122 اورٹریفک پولیس کے دستوں نے شرکت کی ۔فلیگ مارچ کا مقصد عوام الناس میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔
اس موقع پر ڈی پی او سیّد علی رضا نے کہا کہ پولیس ضلع میں امن و امان کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے عوام الناس کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، ہرقسم کی شرپسندی اور قانون شکنوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی کو بھی قانون شکنی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔