ڈیرہ غازی خان؛ ڈپٹی کمشنر  کا ممکنہ سیلاب کے پیش نظر فرنٹ لائن علاقوں کا دورہ

16

ڈیرہ غازی خان،26 جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر فرنٹ لائن علاقوں کا دورہ کیا اور دریائی بیٹ کے نواحی علاقوں کے رہائشی افراد سے ملاقاتیں کیں اور سیلاب سے بچاؤ کیلئے کئے گئے انتظامات کا موقع پر جائزہ بھی لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ممکنہ سیلابی علاقوں سے لوگوں اور مال مویشی کا انخلاء ہماری اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ  سیلاب سے قبل ضلعی انتظامیہ نے پیشگی انتظامات کی ورکنگ مکمل کرلی ہے اور قبل ازوقت انتظامات کی بدولت ہمیں سیلابی صورت حال میں آسانیاں میسر آئینگی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے ہمیں ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ وہ ریسکیورز کی مہارت،ریلیف کیمپوں سمیت دیگر پیشگی انتظامات دیکھ کر مطمئن ہیں۔انہوں نے مقامی افراد سے کہا کہ وہ ضلعی محکموں کے افسران سے رابطوں میں رہیں،قدرتی آفات سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہمیں مشترکہ کاوشیں کرنا ہونگی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کے احتیاطی،حفاظتی اقدامات کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رضوان نذیر،اسسٹنٹ کمشنر صدر عثمان غنی،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر احمد کمال،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر نظام الدین اور متعلقہ افسران ان کے ہمراہ تھے۔