پشاور،26جولائی(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے محرم الحرام کے موقع پر ماتمی جلوسوں کی نگرانی اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پشاور شہر میں امام بارگاہوں، حساس مقامات اور مختلف روٹس کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
گورنر نے محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات سے متعلق خان رازق شہید پولیس سٹیشن میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں پر پولیس حکام نے گورنر کو سیکورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔ بعدازاں قصہ خوانی بازار کا دورہ کیا، کوچہ رسالدار میں امامیہ مسجد و امام بارگاہ کا دورہ کیا اور اہل تشیع اکابرین سے ملاقاتیں کی اور ان سے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے دریافت کیا۔
بعد ازاں گورنر نے کوہاٹی میں قائم سنٹرل کمانڈ روم کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں پولیس حکام کیجانب سے ماتمی جلوسوں کی نگرانی، سیکیورٹی انتظامات کیلئے خفیہ کیمروں کی مدد سے انتظامات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے اندرون شہر سی سی ٹی وی کیمروں، پولیس کی تعیناتی سمیت داخلی وخارجی راستوں پر سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
بعد ازاں گورنر نے صدر بازار میں حسینیہ ہال کا بھی دورہ کیا اور اہل تشیع اکابرین و متولیان سے ملاقاتیں کیں اور سیکیورٹی انتظامات سے متعلق آگاہی حاصل کی، اس موقع پر اہل تشیع اکابرین نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گورنر کا بھی دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پہلی مرتبہ صوبہ کے سب سے بڑے آئینی منصب پر فائز گورنر نے محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں کا دورہ کہا جو کہ انتہائی قابل تحسین اقدام ہے۔
محرم الحرام کے حوالے سے پشاور شہر کے دوروں کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ میرا فرض تھا کہ پشاور شہرکا دورہ کروں اورمحرم الحرام کے دوران ماتمی جلوسوں کیلئے سیکورٹی انتظامات کاخود جائزہ لوں۔ انہوں نے پولیس کی جانب سے سیکورٹی اقدامات پراطمینان کا اظہارکیا اور کہاکہ شہری بھی پولیس کے انتظامات سے خوش ہیں۔ انہوں نے امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور شہریوں پر بھی زور دیا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات کو روکنے کیلئے اپنے ارد گرد نظر رکھیں۔
گورنر نے کہا کہ امن قائم رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔تمام مکاتب فکر کو اختلافی بیانات سے پرہیز کرناچاہئیے۔ محرم الحرام میں ہر قسم کے تنازعات کا خاتمہ ضروری ہے۔











