نوشہرہ ورکاں، 29 جولائی (اے پی پی): تحصیل نوشہرہ ورکاں میں 10محرم الحرام کو 12جلوس برآمد ہوئے، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پزیرہوئے، سیکورٹی کے سخت انتظاما ت تھے۔روٹ کی ملحقہ گلیوں کو آمد و رفت کیلئے بند کردیا گیاتھا۔ اسسٹنٹ کمشنرسارا دن متحرک نظر آئے۔ مزکری جلوس امام بارگاہ آل عمران سے برآمد ہوا۔ انتظامات کے حوالہ سے اسسٹنٹ کمشنرنوشہرہ ورکاں محمد نوید حیدر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ تحصیل نوشہرہ ورکاں میں کل 12جلوس برآمد ہوئے،ان میں 2جلوس A،دوجلوسBجبکہ8جلوس Cکیٹیگری کے شامل تھے۔ محرم روٹ کی ملحقہ گلیوں کو بند کردیاگیا تھا۔دوران جلوس لوکل گورنمنٹ، ریسکیو1122،ہیلتھ، واپڈا، پی ٹی سی ایل، سوئی گیس، ریونیو،سول ڈیفنس و دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکاروں نے دلجمعی سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں۔ موبائل سروس کی بندش پر صورتحال سے باخبر رہنے کیلئے محرم روٹ پر پی ٹی سی ایل نمبرلگواکر ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں جو مسلسل کنٹرول روم سے رابطہ میں تھے۔ کنٹرول روم سے آن لائن کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی تھی۔تمام مکتبہ فکر کے باہمی تعاون سے ساز گار ماحول رہا۔ خصوصا لائسنس ہولڈرزو منتظمین کا تعاون مثالی رہا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سرکل نوشہرہ ورکاں عبدالحمید ورک بھی انکے ہمراہ تھے۔منتظمین نے بہترین سہولیات کی فراہمی پر اسسٹنٹ کمشنر اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔