کراچی،2اگست (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کیلئے اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ملاقات میں انہوں نے دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترکیہ کے نائب صدر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں ہر محیط ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے مابین تعلقات کو باہمی فائدے کیلئے معاشی اور تجارتی تعلقات میں بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، غذائی تحفظ، سیاحت اور کان کنی کے شعبوں میں مزید تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔