نوجوان ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں ، انکا مستقبل محفوظ بنانا مسلم لیگ ( ن )کی اولین ترجیح ہے؛ سردار اویس احمد لغاری

10

ڈیرہ غازی خان،02 اگست(اے پی پی):سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن پنجاب کے سیکرٹری جنرل سردار اویس احمد لغاری نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں ، انکا مستقبل محفوظ بنانا مسلم لیگ ( ن )کی اولین ترجیح ہے،ملک کو بہتری کی طرف گامزن کرنے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، منصوبوں میں میرٹ اور شفافیت لانا ہمیشہ ہمارا طرہ امتیاز رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو غازی یونیورسٹی میں طالب علموں میں لیپ ٹاپ تقسیم  کرنے  کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اویس لغاری نے کہا کہ طالبعلموں کو ملکی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے معیاری تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت افراد کی ہمیشہ معاشرے کو ضرورت رہی ہے، نوجوان سوشل میڈیا کو استعمال کرنے کے ساتھ تعلیم کے حصول پر بھی بھرپور توجہ دیں۔

سابق وفاقی وزیرسردار اویس احمد لغاری نے کہا کہ  وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے تعلیم دوست وژن کے تحت ایک لاکھ طالب علموں میں 100 فیصد میرٹ پر لیپ ٹاپ دئیے گیے ہیں تاکہ انہیں آگے بڑھنے کا موقع دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مثبت سیاست کو فروغ ملنا چاہیے اورمیرے والد سابق صدر مملکت فاروق خان لغاری نے ملک میں جمہوریت اور اچھے طرز سیاست کے فروغ کے لیے بے شمار قربیاں دیں اور اس مقصد کے لیے پابند سلاسل بھی رہے۔

سابق وفاقی وزیرنے کہا کہ ڈیرہ غازی خان جنوبی پنجاب کا اہم شہر ہے ہم نے محنت اور لگن سے یہاں سے انجینئرز، ڈاکٹرز، شاعر، ادیب اور کھلاڑی پیدا کرنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان محنت کو کامیابی کا زینہ بنائیں کیونکہ شارٹ کٹ کسی بھی مسلے حل نہیں ہے،پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے ، علم و تحقیق کے شعبے ہی ان کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔

 اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ نے کہا کہ ڈی جی خان کے اکثر ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں شروع  کیےگئے اور یہاں پر نئے تعلیمی اداروں کے  قیام اور اپ گریڈیشن بھی کی گئی۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ لیپ ٹاپ وقت کی ضرورت ہے یہ لرننگ اور ارننگ مشین ہے۔طالب علم لیپ ٹاپ کا مثبت استعمال کر کے اپنے مستقبل کو روشن بنا سکتے ہیں۔

تقریب میں سردار شیر علی گورچانی اور سردار عمار اویس خان لغاری بھی موجود تھے۔ اس موقع پرڈاکٹر اللہ بخش گلشن،یونیورسٹی کے فوکل پرسن ڈاکٹر ثاقب بشیر،پروفیسر محمد شعیب رضا،ڈاکٹر محمد علی تارڑ،ڈاکٹر ضیاء اور دیگربھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کاکردگی دکھانے والے 25 طالبعلموں میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔