اوکاڑہ؛ یونیورسٹی آف اوکاڑہ اورنورانٹرنیشنل یونیورسٹی میں باہمی تدریسی وتحقیقی اشتراک کا معاہدہ

41

اوکاڑہ،03اگست(اے پی پی ): یونیورسٹی آف اوکاڑہ اور نور انٹرنیشنل یونیورسٹی کے مابین مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت دونوں ادارے مینجمنٹ سائنسز، سائیکالوجی، ہیلتھ سائنسز، لائف سائنسز، فوڈ سائنسز، نیوٹریشن، بائیو سائنسز اور بائیو کیمسٹری جیسے شعبہ جات میں تعلیمی و تحقیقی تعاون کے مختلف امور پر عملی اقدامات اٹھائیں گے ۔

 ترجمان یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے مطابق اس معاہدے کی شرائط اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد اور نور انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ڈین لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر طاہر ظہور کے مابین ایک آن لائن میٹنگ میں طے پائی ہیں۔

معاہدے میں دونوں جامعات نے مختلف اقدامات پہ اتفاق رائے کیا جن میں اساتذہ اور طلباءکا تبادلہ، پیشہ وارانہ تربیت کے سیشن کا انعقاد، تدریسی دورے، کلچرل ایکسچینج پروگرام، صنعتی دورے، کیئریر کونسلنگ اور انٹر ن شپ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں باہمی اشتراک سے ورکشاپس، سیمینارز اور کانفرنسز بھی منعقد کروائی جائیں گی۔ نور انٹرنیشنل یونیورسٹی اکاڑہ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباءکو ریسرچ پرا جیکٹس میں بھی معاونت فراہم کرے گی۔ اوکاڑہ یونیورسٹی کے لائف سائنسز اور ہیلتھ سائنسز کے طلباءکے لئے نور یونیورسٹی کی لیبارٹریوں اور ان سے منسلک ہسپتالوں کے دوروں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

اس حوالے سے  نور انٹرنیشنل یونیورسٹی کے رجسٹرار حنان مجتبیٰ کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے اشتراک سے دور حاضر کے تقاضوں کو پورا کرنے والی نئے ڈگری پروگرامز بھی متعارف کروائے جائیں گے۔

 معاہدے کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر واجد کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی اپنی تدریسی و تحقیقی کوالٹی کو بہتر بنانے اور طلباءکو جدید تعلیم اور سہولیات کی فراہمی کے لئے نور انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وسائل، تجربات اور سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہے۔

اس موقع پر  اوکاڑہ یونیورسٹی سے ڈاکٹر ثاقب جمیل، ڈاکٹر فیصل نصار، ڈاکٹر سائرہ ستار، ڈاکٹر فرخندہ یاسمین، ڈاکٹر شہزاد اقبال، ڈاکٹر امجد علی اور عائشہ جبار بھی موجود تھے۔