مری،06اگست(اے پی پی):سابق نائب ناظم مری سٹی و کشمیری رہنمامرزا سہیل بیگ نے کہا ہے کہ یوم استحصال کشمیر پوری پاکستانی قوم کے لیے سیاہ دن ہے جب بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پامال کرتے ہوئے کشمیریوں کا حق سلب کردیا،آج کے دن ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دیناچاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم کا ہر جوان،بچہ اور بوڑھا ان کو آزادی کی جنگ میں شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سابق نائب ناظم مری سٹی و کشمیری رہنمامرزا سہیل بیگ نے پنجاب آرٹس کونسل مری کے زیر اہتمام، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول اور میونسپل کارپوریشن کے تعاون سے بھارتی مظالم اور نا انصافی کے خلاف جی پی او چوک تا چنار چوک تک نکالی گئی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پنجاب آرٹس کونسل مری کے آڈیٹوریم میں دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں بھارتی فوج کے ظلم و ستم کو عیاں کیا گیا۔
اس موقع پر صدر ٹیچر یونین فیاض عباسی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد امین لغاری، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر شہاب احمد، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مری توصیف ملک،سنی تحریک تحصیل مری وقاص عباسی،ڈپٹی ڈائریکٹرمری آرٹس کونسل محمد شکور،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مری اور دیگر سکولوں کے طلباء نے بھرپور شرکت کر کے کشمیریوں کی آزادی تک یہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔