ملتان،07 اگست(اے پی پی):زیر تعمیر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لینڈ سکیپنگ پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کی جانب سے لینڈ سکیپنگ کے لئے مختص بجٹ سے تجاوز نہ کرنے کی ہدایت پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے افسران کی ٹیم نے سائیٹ کا دورہ کیا جس میں ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر،سیکشن آفیسر ڈویلپمنٹ حافظ خورشید ملک اور دیگر افسران شامل تھے۔
افسران نے آئی ڈیپ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر فیصل زمان اور پی ایچ اے حکام کے ساتھ میٹنگ کی اور لینڈ سکیپنگ ایریا کا دورہ کیا جس کے نتیجے میں اخراجات میں کمی بارے فیصلے کر لئے گئے ہیں۔
ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ سکیپنگ کا عمل مختص بجٹ کے اندر مکمل کیا جائےگا۔انہوں نے کہا کہ لینڈ سکیپنگ کے لئے اعلیٰ معیار کی ٹائل کے بجائےٹف ٹائل کا استعمال کیا جائے اور انتہائی مہنگا فوارہ لگانے سے اجتناب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹریٹ میں روڈ نیٹ ورک پر سٹریٹ لائٹس کے لئے ڈبل آرم الیکٹرک پولزلگائے جائیں جس سے لان بھی روشن ہونگے اور لینڈ سکیپنگ اخراجات میں کمی آئے گی۔
ڈپٹی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ سیکرٹریٹ ڈیزائن کے مطابق درمیانے قد کے درخت لگانے کا انتخاب کیا جائے اور درختوں اور لان کی آبیاری کے لئے آئی ڈیپ مطلوبہ مقامات پر بجلی کے کنکشن فراہم کرے۔











