جشن آزادی؛ ملتان آرٹس کونسل اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام تصویری نمائش کا افتتاح

11

ملتان،09اگست(اے پی پی): یوم آزادی کے سلسلے میں ملتان آرٹس کونسل اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام تصویری نمائش کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملتان ڈاکٹر عابدہ فرید نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنا یوم آزادی شایانِ شان طریقے سے مناتی ہیں، ضلع بھر میں جشنِ آزادی کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد کرائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

 تقریب سے خطاب میں ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سلیم قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان بہت سی قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا، ہمیں معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ دینا چاہیے تاکہ آنے والی نسلوں کیلیے بہتر معاشرہ تشکیل دے سکیں۔

 ماہر تعلیم ڈاکٹر عبدالبصیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو پاکستان کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر عابد رونگھا کا کہنا تھا کہ ہماری قوم کے نوجوان متحرک اور آزادی کی اہمیت و افادیت سے بخوبی واقف ہیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر زاہد اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنی آزادی کا تحفظ کرنا جانتی ہے، ہمیں یہ عزم تحریکِ آزادی سے وراثت میں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان آرٹس کونسل حسبِ سابق جشنِ آزادی کی تقریبات بھرپور انداز میں منعقد کر رہا ہے،تصویری نمائش کے علاوہ ملتان آرٹس کونسل میں آزادی کے موضوع پر فیملی ڈرامہ بھی پیش کیا جا رہا ہے۔