ملتان، 09 اگست(اے پی پی ):ڈی جی سپورٹس پنجاب آصف طفیل نے ملتان کا دورہ کیا اور جاری سکیموں بارے بریفنگ لی۔انہوں نے کمشنر انجینئر عامر خٹک کے ہمراہ سٹیڈیم، فوڈ سٹریٹ کا دورہ کیا۔
کمشنر انجینئر عامر خٹک نے بتایا کہ144.8 ملین روپے کی لاگت سے فوڈ سٹریٹ کی بحالی کا کام جاری ہے، 46 دکانوں کی بحالی اور 4 ٹوائلٹ بلاکس بنائے جارہے ہیں،قلعہ کہنہ اور اطراف کے پورے مقام کو سیاحتی مقام میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جمنیزیم کی اپ گریڈیشن کی 136 ملین روپے کی سکیم محکمہ سپورٹس کو بھجوائی گئی ہے،سٹیڈیم میں نئی گھاس لگائی جارہی، بیٹھنے کی جگہ، نکاسی آب کا سسٹم بہتر کیا جارہا ہے،فوڈ سٹریٹ کی دکانوں کے کرایہ بارے محکمہ سپورٹس کو لکھا جاچکا ہے۔
ڈی جی سپورٹس نے کہا کہ حکومت پنجاب کھیلوں کے انعقاد اور نسل نو کیلئے مثبت سرگرمیوں بارے اقدامات کررہی ہے۔ملتان کی صدیوں پرانی تہذیب سیاحوں کیلئے خصوصی دلچسپی کا باعث ہے،فوڈ سٹریٹ کی تکمیل سے شہریوں کو مثبت تفریح کے مواقع میسر ہوپائیں گے۔ انہوں نے فوڈ سٹریٹ کی جلد تکمیل کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو حکومتی کاوش اور پراجیکٹ کی تکمیل نظر آئے گی۔
بعدازاں ڈی جی سپورٹس آصف طفیل، کمشنر عامر خٹک نے جمنیزیم، اسکوائش کورٹ کا دورہ کیا اور محکمہ سپورٹس کے زیر انتظام جاری سمر کیمپس کا بھی جائزہ لیا اور سراہا۔
ڈویژنل سپورٹس افسر رانا ندیم انجم، ضلعی سپورٹس افسر فاروق لطیف،ڈویژن کے سپورٹس افسران بھی موجود تھے۔