ڈیرہ غازی خان، 09 اگست (اے پی پی): کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں میونسپل سروسز کو فوری بہتر کیا جائے،مسلسل غیر حاضر ملازمین کو برطرف کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹیوں کے ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری اور گاڑیوں کے ٹریکنگ سسٹم کو فعال رکھا جائے اور نظام میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بھی قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے معاملات کی خود نگرانی کریں اور سیوریج،صفائی سمیت عوامی مسائل بروقت حل کئے جائیں۔
کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ آسان رسائی کھلی کچہری کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کا بروقت ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک حاضری اور ٹریکنگ سسٹم سے معاملات میں بہتری آئی ہے تاہم ابھی مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے، نکمے افسران اور ملازمین کو مزید برداشت نہیں کیا جائیگا۔
اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک،محمد سلمان لودھی،ڈاکٹر منصور بلوچ،خالد پرویز اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔