بھکر،12 اگست(اےپی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا ہے کہ آزادی جیسی نعمت ہمارے آبا واجداد کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے، زندہ قومیں اپنے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی، پاکستان کا وجود قائم ہے تو ہم آج سکھ کا سانس لے رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول میں جشن آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن محمد فاروق علوی ،ڈی ایف او سید اسد عمران شیرازی سمیت ضلعی محکمہ تعلیم کے افسران ،اساتذہ کرام سمیت طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ آزادی کی قدر و منزلت کے بارے میں آپ فلسلطین یا کشمیر کے لوگوں سے پوچھیں جن پر صبح و شام مظالم کے پہاڑ ڈھائے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کو بھرپور جوش جذبے سے منائیں اور وطن عزیز کیلئے بیش بہا قربانیاں دینے والے اپنے ہیروز کی قدر کریں جنہوں نے ہمارے سکھ کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔
ڈپٹی کمشنر نے جشن آزادی کی مناسبت سے ضلع بھر کے سکولوں میں مختلف ادبی پروگرامز کے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات اور انکے اساتذہ کرام میں انعامات تقسیم کئے ۔
بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے سکول میں جشن آزادی کے حوالہ سے خوبصورت شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودے بھی لگائے۔انہوں نے سکول کے طلبا و طالبات میں سینکڑوں مفت پودے اور قومی پرچم تقسیم کئے اور انہیں تاکید کی کہ پودوں کی دیکھ بھال کا بطور خاص خیال رکھیں تمام طلباء و طالبات اپنے اور اپنے والدین کے نام سے منسوب خوبصورت پودے لگائیں اور وطن عزیز کو سر سبز و شاداب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے طلباء وطالبات پر زور دیا کہ خوب محنت کریں اور ملک کو سنوارنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
تقریب میں مختلف سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے ، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کرکے شرکاءسے خوب داد وصول کی۔