گلگت ،13اگست (اے پی پی):شاہراہِ قراقرم کی تعمیر کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے چائینز انجینئرز اور ورکرز کے لواحقین پر مشتمل 41 رکنی وفد نے چائینا قبرستان ‘‘چائینا یادگار ’’ دنیور گلگت کا دورہ کیا اور انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
اتوار کو اس 41 رکنی چائینز وفد میں 15 ایسے افراد شامل تھے جنہوں نے بذات خود 60 کی دھائی میں شاہراہِ قراقرم کی تعمیر میں بحیثیت انجینئر اور ورکرز حصہ لیا تھا۔ 41 رکنی وفد میں ہلاک ہونے والوں کے بہن،بھائی،والدین اور دوست شامل تھے ۔حاضری کے دوران رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے ۔اس دوران لواحقین نے اپنے رسم و رواج کے مطابق عزیزوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مرنے کی قبرستان پر پھولوں کی چادر چڑھائی ،چین کا قومی پرچم بھی رکھا۔انہوں نے اپنے رسم و رواج کے مطابق قبرستان پر پھل،سگریٹ رکھے اور شراب چھڑکی اور چانئیز کرنسی جلائی ۔
اس دوران لواحقین نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے ہمارے عزیز و اقارب کی قبروں کی بہت اچھی طرح دیکھ بھال کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے گی۔ قراقرم ہائی وے چین پاکستان اقتصادی راہداری کا پیش خیمہ ہے، جس نے پاکستان اور چین کے درمیان سڑک کے رابطے کو بدل دیا۔
1300 کلومیٹر طویل یہ شاہراہ چین کے صوبے سنکیانگ سے شروع ہوتی ہے جو گلگت بلتستان سے ہوتی ہوئی پنجاب کے علاقے حسن ابدال پر ختم ہوتی ہے۔ قراقرم ہائی وے جسے دنیا کا آٹھواں عجوبہ بھی کہا جاتا ہے، پاکستانی اور چینی انجینئروں اور کارکنوں نے مشترکہ طور پر تعمیر کیا تھا۔
قراقرم اور ہندوکش کے طاقتور پہاڑوں کو کاٹنے والی 1300 کلومیٹر لمبی سڑک کی تعمیر 1959 میں شروع ہوئی اور 1979 میں مکمل ہوئی۔ قراقرم ہائی وے کا پاکستانی سیکشن (تقریباً 887 کلومیٹر)، جو 4700 میٹر تک بلندی تک پہنچتا ہے۔ 778 پاکستانی اور 110 چینی کارکنوں کی جانیں بازی ہار گئے ۔ جان کی بازی ہارنے والے زیادہ تر چینی کارکنوں کو پاکستان گلگت دنیور کے مقام پر سپرد خاک کر دیا گیا۔ جسے مقامی طور پر ‘چین یادگار’ کے نام سے جانا جاتا ہے۔’چین یادگار’ (چینی قبرستان) دنیور میں شاہراہ قراقرم سے ملحق ایک قصبہ ہے جو گلگت شہر سے تقریباً 8 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ 1970 کی دہائی کے اوائل میں دنیور میں تعمیر کیا گیا تھا، جو کہ ایک مثالی مقام ہے۔قبرستان کی دیکھ بھال حکومت چین کے متعین متولی کرتے ہیں جو سیاحوں کو قبرستان کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہیں۔