شمالی وزیرستان،13 اگست(اے پی پی ): جی او سی شمالی وزیرستان میجر جنرل نعیم اختر نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں امن بحالی میں کابل خیل قوم کا اہم کردار رہا ، تحصیل سپین وام شیوہ کے عوام کو صحت اور تعلیم سمیت دیگر سہولیات دینے کیلئے کیلئے کوشاں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار جی او سی شمالی وزیرستان میجر جنرل نعیم اختر نے میرانشاہ ٹوچی جرگہ ہال میں سابق ایم این اے محمد نظیر سمیت سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر اور ملک شاہ جہان کے سربراہی میں آنے والے کابل خیل قوم کے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں فورسز اور عوام کی مشترکہ قربانیوں سے امن قائم کیا ہے،یہاں کسی کو بھی امن خراب نہیں کرنے دیں گے۔
جی او سی شمالی وزیرستان میجر جنرل نعیم اختر نے کہا کہ کبل خیل اور دیگر اقوام کی حکومت کیساتھ تعاون قابل تعریف ہے جن کی بدولت اب وزیرستان میں ترقی کا سفر شروع ہوا اور بہت جلد یہاں کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔
اس موقع پر کابل خیل قوم کے مشران نے کہا کہ ہم نے آپریشن ضرب عضب اور یہاں پر امن بحالی میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہیلتھ ،تعلیم اور ٹرانسپورٹ کے مسائل درپیش ہے لیکن جی او سی شمالی وزیرستان جس طرح یہاں کے لوگوں کا وکیل بن کر کام کررہے ہیں امید ہے کہ یہ مسائل جلد حل ہو جائیں گے کیونکہ یہاں امن کے بعد ترقی کے دروازے کھل گئے۔ انہوں نے 14 اگست کو شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی کیلئے پورے قبائل نے قربانیاں دی ہے، آج الحمد اللہ تعالیٰ نے ہمیں آزادی نعمت سے نوازا ہے جو کو ہمیں بھر پور انداز میں منانا چاہیے۔
اس موقع پر انہوں نے رزمک میں ہونے والے اتمانزئی جرگہ کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ مسائل مذاکرات سے ہی حل ہوتے ہیں لہذا اتمانزئی ہمارے بھائی ہے وہ قبائلی روایت کے مطابق انتظامیہ سے مل بیٹھ کر اپنے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں۔