فیصل آباد، 14 اگست (اے پی پی):فیصل آباد میں 76 ویں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر کمشنرز کمپلیکس کے سبزہ زار میں شاندار وپروقارمرکزی تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں صج 8 بجکر 58 منٹ پر سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی کےبعد ازاں ڈویژنل کمشنر سلوت سعید نے پرچم کشائی کی۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنر علی عنان قمر،آر پی او ڈاکٹر عابد خان،سی پی اوعثمان اکرم گوندل،چیف ٹریفک آفیسر مقصود احمد لون،ڈی جی واسا عامر عزیز،ڈ ی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،ڈی جی پی ایچ اے ضمیر حسین،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار، اے ڈی سی جی کاشف رضا اعوان، مختلف محکموں کے سربراہان، صنعتی، تجارتی و کاروباری شخصیات،صحافی، وکلا، علما، دانشوروں اورسول سوسائٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری،طالبعلم،ننھے منے بچے بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔انہوں نے مل کر قومی پرچم لہرایا اور فضا میں کبوترو غبارے چھوڑے جبکہ بعدازاں شرکانے یک زبان ہوکر قومی ترانہ پڑھااورجشن آزادی کا کیک بھی کاٹا۔مختلف سکولوں کے بچوں نے”ہمارا پرچم یہ پیاراپرچم، اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں ہم ایک ہیں“و دیگر ملی نغمے پیش کئے،علاوہ ازیں پنجاب پولیس،شہری دفاع،ریسکیو 1122،سول ڈیفنس،موٹر بائیکس ریسکیو سروس نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی۔
یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر فیصل آبادسلوت سعید اورریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر عابد خان نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ اہلیان وطن کو76 ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ جو رنگ و بہار ہے ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہے،آج ہم نے اپنی کوتاہیوں کے تدارک اور اس کی ترقی کیلئے سوچنا اور ان کمیوں کو پورا کرکے اس ملک کی ترقی کیلئے دن رات کام کرنا ہے کیونکہ اگر ہم سب ملکر اس کی ترقی کیلئے کام کریں گے تویہ پیاراوطن پوری آن بان شان کے ساتھ رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کو بنانے والے بڑوں،بچوں نے بڑی قربانیاں پیش کرکے الگ وطن بنایااس لئے ہمارا فرض ہے کہ اس ملک کی ترقی کی امانت داری اور قائد اعظم کے فرمودات کو اپناتے ہوئے کام کریں تاکہ ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔
ڈپٹی کمشنرعلی عنان قمر اور سی پی اوعثمان اکرم گوندل نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے جس کی قدر کرنی چاہیے۔انہوں نے اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے بزرگوں نے ہمیں آزاد ملک حاصل کرکے دیا اب ہماری ذمہ داری ہے کہ وطن عزیز کو خوشحال و ترقی یافتہ بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔
تقریب کے آخر میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور کشمیر کی آزادی کی دعا اور ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے تقریب کے شرکا میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور کیک بھی کاٹا گیا۔
بعدازاں کمشنر کمپلیکس کے لان میں کمشنرو دیگر افسران نے پودے لگائے۔قبل ازیں یوم ۱ٓزادی پاکستان کی مقدس صبح کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں وطن عزیز کی سلامتی بقا اور ترقی و خوشحالی اور امن و سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی دعاؤں سے ہوا۔
ڈویژنل کمشنرسلوت سعید اور آر پی اوڈاکٹر عابد خان نے ڈسٹرکٹ وسینٹرل جیل کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کو یوم آزادی کی مبارکباددی اور ان میں مٹھائی تقسیم کی۔اس موقع پرسپرنٹنڈنٹس ڈسٹرکٹ وسینٹرل جیل اور دیگر جیل افسران بھی موجود تھے۔یوم ۱ٓزادی پاکستان کے موقع پرضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں و تنظیموں کی جانب سے شہر کی تمام شاہراہوں،چوکوں اور عوامی مقامات پر سرسبز ہلالی پرچموں،قائداعظم،علامہ اقبال،تحریک پاکستان اور دیگر شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والی ممتاز شخصیات،شہدا اور افواج پاکستان کی تصاویر،بینرز اورقومی پرچم بھی آویزاں کئے گئے۔