عدالت عالیہ بلوچستان میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب

14

کوئٹہ،14 اگست( اے پی پی ):عدالت عالیہ بلوچستان میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جسٹس  نعیم اختر افغان نے پرچم کشائی کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےچیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جسٹس  نعیم اختر افغان نے کہا کہ ملکی سالمیت اور بقا کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں،  ملک  سے  کرپشن و اقربا پروری  کا ہر سطح پر خاتمہ انتہائی ضروری ہے ،مادر وطن کے استحکام اور خوشحالی کے لیے قومی یکجہتی و جذبہ حب الوطنی کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کا مدت پوری کرنا، ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری ودیگر اقدامات سے ملک میں  جمہوری نظام استحکام کی جانب  گامزن ہوا  ہے اور الیکشن کمیشن و نگران حکومتیں ملکی استحکام کے لیے شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائیں ۔

چیف جسٹس بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے معدنی وسائل سے استفادہ کے لیے تعلیمی اور  سرکاری اداروں میں سائنسی تحقیق کو فروغ دیا جائے جبکہ بلا امتیاز و موثر احتسابی عمل و مالی نظم و ضبط قائم کیے بغیر ملک میں خوشحالی ایک خواب ہی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کے تمام اداروں پر لازم ہے کہ وہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائیں اور آج اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ملک کی ترقی و استحکام کے لئے قانون کی پاسداری اور انصاف کے اعلیٰ روایات کو برقرار رکھیں گے۔

تقریب میں ججز صاحبان، عدالت عالیہ بلوچستان کے جوڈیشل افسران ،وکلاء اور  بچوں  نے شرکت کی۔