کوہلو؛76ویں جشن آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد

8

کوہلو،14 اگست(اے پی پی ): پاکستان کے 76ویں جشن آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی۔ڈپٹی کمشنر کوہلو اعجاز احمد جعفر نے پرچم کشائی کرکے تقریبات کا باقاعدہ آغاز کردیا ۔اس موقع پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی ۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جشن آزادی کے مناسبت سے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول کوہلو میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں سکولوں کے طلباء نے تقاریر،ملی نغمے،ٹیبلوز،ڈرامے اور خاکے پیش کرکے شرکاء سے خوب داد وصول کی ۔

اس مو قع پر چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل نے کہا کہ  قیام پاکستان برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کی قربانیوں اور قائداعظم کے ولولہ انگیز قیادت کی بدولت ممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع اور استحکام کیلئے افواج پاکستان کی شاندار خدمات اور قربانیوں پر بلوچستان کے عوام کو فخر ہے ۔

 ڈپٹی کمشنر کوہلونے کہا کہ  آج کے دن کی مناسبت سے ہم سب کو اس بات کی عہد کرنی ہوگی کہ ہم ملکی بقاسالمیت اور یکجہتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے ،قیام پاکستان کے لئے ہمارے اکابرین نے جو قربانیاں دی ہیں ہم انہیں فراموش نہیں کرسکتے ۔

تقریب کے اختتام پر کارکردگی دکھانے والے طلباء کے لئے نقد انعامات کا اعلان کیا گیا ۔ بوائز ماڈل ہائی سکول سے شہید جسٹس نواز چوک تک ریلی نکالی گئی ،فضاء پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔