آج کا دن ہمارے قائدین اور اسلاف کی بصیرت اور قربانیوں سے حاصل کی گئی، میر جان محمد خان جمالی

11

کوئٹہ، 14 اگست(اے پی پی): اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی میر جان محمد خان جمالی نے کہا کہ آج آزادی کے دن آپ کے ساتھ شامل ہو کر انتہائی خوشی ہورہی ہے اور آج کا دن ہمارے قائدین اور اسلاف کی بصیرت اور قربانیوں سے حاصل کی گئی آزادی کی تکریم کا دن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان صوبائی اسمبلی میں یوم آزادی کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج آزادی کے دن آپ سب کے ساتھ شامل ہو کر انتہائی خوشی ہورہی ہے اور آپ کو آزادی کے دنوں کی یاد دلانے کے لئے حاضر ہوا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ  جیسا کہ آپ سب کو اچھی طرح معلوم ہے کہ مورخہ 14 اگست 1947 کو ہمارے پیارے ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کا وجود عمل میں آیا تھا۔ آج کا دن ہمارے قائدین اور اسلاف کی بصیرت اور قربانیوں سے حاصل کی گئی آزادی کی تکریم کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں پاکستان کا مطلب کیا لا الا اللہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زور دیتا ہے جبکہ  یہ پیغام دو قومی نظریے کی اساس اور برصغیر کے مسلمانوں کی منزل ہے۔ ہم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان بے شمار وسائل اور ان گنت نعمتوں کی سرزمین ہے۔ ہماری ترقی ہمارے اسلاف اور عوام کے خوابوں کی تعبیر ہوگی اور ہماری ترقی ہماری آئیندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ  کسی بھی ملک کا یوم آزادی فخر اور شان کا لمحہ ہوتا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ عوام پاکستان اور افواج پاکستان ایک ساتھ اس ملک کے ترقی کے ضامن ہیں۔ اسپیکر اور شرکاءنے آخر میں پاکستان زندہ آباد اور بلوچستان پائندہ آباد کا نعرہ لگایا اور سکول کے طلباءو طالبات نے ملی نغمے پیش کئے۔

۔تقریب میں آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ, کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمان بلوچ, اعلی سول و فوجی حکام سمیت سیاسی و سماجی شخصیت نے شرکت کی۔