ملتان،18اگست(اے پی پی ):کمشنر انجینئر عامر خٹک نے ڈینگی مہم میں ناقص کارکردگی پر سخت ایکشن کا فیصلہ کیا ہے اور ڈینگی مہم میں غفلت برتنے والے سرکاری دفاتر سیل کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔کمشنر نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈینگی کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈینگی مہم کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کمشنر نے ڈینگی مہم میں حصہ لینے والے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ محکمہ صحت سمیت تمام محکمے جنگی بنیادوں پر ڈینگی کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں،گھروں اور عوامی مقامات پر لاروا ملنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ مقررہ ٹارگٹ سے کم ڈینگی سرگرمیوں پر محکمے کے سربراہ کو ضلع بدر کرینگے۔
قبل ازیں فوکل پرسن برائے ڈینگی ڈاکٹر عطاء الرحمن نے تفصیلی بریفننگ بھی دی۔