ملتان؛ سموگ کے تدارک کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن،15 گاڑیاں تھانہ بند

67

ملتان،20اگست(اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سموگ کے تدارک کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کے حکم پر سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے دھواں چھوڑنے والی 15 گاڑیاں تھانہ بند کردیں جبکہ جنرل بس سٹینڈ اور شہر میں بھی  بھرپور کارروائی کی گئی۔

قبل ازیں سیکرٹری آر ٹی اے کی سربراہی میں سموگ کی آگاہی کیلئے ریلی بھی نکالی گئی۔ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ دو روز میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 2 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 3 ڈرائیور گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سموگ ایکٹ کے تحت 6 مقدمات بھی درج کرائے گئے ہیں۔فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ جلانے والوں کے خلاف بھی ایکشن جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھٹہ مالکان کو زگ زیگ ٹیکنالوجی اپنانے کا الٹی میٹم دے دیا ہے،ماحولیاتی آلودگی کے موجب انڈسٹریل یونٹس کی چیکنگ کیلئےبھی  ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔