لاہور، 20اگست(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ انڈس ہسپتال کاہنہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال کی ابتر صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیااورغلط بیانی پر عملے کی سرزنش کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایمرجنسی،بچہ وارڈ، سرجیکل آرتھوپیڈک،لیب،فارمیسی اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔لیب میں موجود عملہ روزانہ کی بنیاد پر کئے جانے والے ٹیسٹ کی تفصیلات فراہم نہ کر سکا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے موقع پرہی سیکرٹری صحت کو فون کیا اور ہسپتال کی صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس ہسپتال کے حالات دیکھ کر افسوس ہوا، مریضوں نے ہسپتال عملے کے نا مناسب رویے کے بارے شکایات کیں۔
کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر لاہوربھی اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔