گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں سہولیات بہتر بنانے کے منصوبے پر 39کروڑ روپے خرچ ہونگے، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن

16

سیالکوٹ۔ 21اگست (اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کی میں سہولیات بہتر بنانے کے منصوبے پر 39کروڑ روپے خرچ ہونگے، حکومت پنجاب نے اس منصوبے کیلئے فنڈز کی منظوری دیدی ہے پراجیکٹ کے تحت ڈی ایچ کیوہسپتال کی الیکٹرسٹی کی تمام وائرنگ کی تبدیلی، واٹر سپلائی کی بحالی، سیوریج کی اپ گریڈیشن، واش رومز کی تعمیر نواور فلور پر ٹائیلنگ کے علاوہ مرمت کی جائے گی جس سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیارمیں بہتری آسکے گی۔ یہ تفصیلات انہوں نے گورنمنٹ علامہ اقبا ل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کے تفصیلی دورہ کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان، پرنسپل کے ایم ایس میڈیکل کالج 7ڈاکٹر عبدالستار، ایم ایس ڈاکٹر راناالیاس،چیئرمین بورڈ آف  مینجمنٹ خواجہ صفدر میڈیکل کالج  غلام مصطفی چوہدری، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبدالرؤف، ڈپٹی ڈائریکٹر راجہ یاسر، ایس ڈی او بلڈنگ چودھری اعجازاور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل محسن علی ریاض بھی موجود تھے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے ہسپتال کے اندر جگہ جگہ موٹر سائیکلز اور گاڑیوں کے اسٹینڈز ختم کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ہسپتال کے اندر خالی پلاٹس کے اندر ایک جگہ پر تمام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو پارک کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ٹراما سنٹر کیلئے الگ راستہ اور گیٹ تعمیر کیا جائے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے پرائیویٹ پبلک پارنٹر شپ کے تحت پیڈز بلاکس کی تعمیر اور ٹراما سنٹر میں 50بستروں کی توسیع کے مجوزہ منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ قبل ازیں کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی نے ٹراما سنٹر، نیورو سرجیکل، آرتھو سرجیکل میل /فی میل وارڈز، آئی سی یو، ایمرجینسی، آپریشنز تھیٹرز، میڈیسن اسٹورز، پیتھالوجی لیب اور انتظار گاہ کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کی فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں ملنے والی طبی سہولیات کی بابت استفسار کیا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال کی ری ویمپنگ کے منصوبے کا جائزہ لینے کیلئے ہسپتا ل ایک مرتبہ پھرتفصیلی دورہ کریں تاکہ ری ویمپنگ کے منصوبے کو حتمی شکل دیکر کام کا آغاز کیا جاسکے۔ کمشنر نے ٹراما سنٹر کے ساتھ مزید50بیڈز کی ایمرجینسی بیڈز کی سہولت کے اضافے کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثناں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے ڈسکہ اور سمبڑیال میں روڈ ری ہیبلی ٹیشن پروگرام کے تحت سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ کمشنر گوجرانوالہ نے ڈسکہ اسٹیڈیم کا بھی دورہ کیا اور سیوریج کی اسکیم بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اے ڈسکہ کو ہدایت کی کہ وہ سول ہسپتال چوک میں 50فٹ روڈ کی فوری پی سی سی کروائیں۔