ڈیرہ غازی خان، 22 اگست(اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی طرف سے پولیس شہداء کے لواحقین کو درپیش مسائل جاننے اور ان کی فلاح و بہبود کا سلسلہ جاری ہے، علمدار حسین شہید کےاہل خانہ نے آر پی او سے ملاقات کی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔علمدار حسین نے 2019 میں ضلع راجن پورروجھان کے علاقہ میں فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا ۔
آر پی او نے شہید کے لواحقین سے ملاقات کے دوران انہیں درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ اتھارٹی کو مسائل کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیئے۔ اس موقع پر آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارے محکمہ کا قابل فخر سرمایہ ہیں، ملک و قوم کی بقاء کے لیے ان کی دی گئی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ ہم اپنے شہداء کے اہل خانہ سے مکمل وابستگی رکھتے ہیں اور ان کا تحفظ اور کفالت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر اور ماتھے کا جھومر ہیں جن کے بچوں کی ویلفیئر اور بہتر مستقبل کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ۔میرے دفتر کے دروازے ہر وقت آپ کے لیے کھلے ہیں۔ آپ کو درپیش تمام مسائل کو حل کریں گے اور کسی بھی موقع پر آپ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ آر پی او نے مزید ہدایات جاری کیں کہ ریجن بھر میں تمام شہداء کے لواحقین سے قریبی رابطہ رکھاجائے اور درپیش مسائل دریافت کئے جائیں۔