چنیوٹ،31 اگست(اے پی پی ):انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے وژن کے مطابق انسداد منشیات کیلئے آگاہی مہم کا سلسلہ جاری ہے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد کی زیر قیادت نجی کالج میں انسداد منشیات کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے۔آگاہی سیمینار میں پولیس افسران، کالج کے اساتذہ، طلباء، طالبات اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے طلباء طالبات کو منشیات سے آگاہی کے متعلق ملٹی میڈیا بریفنگ دی۔ طلباء کو کالجز میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے مضمرات سے خبردار کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد کا کہنا تھا منشیات نسلوں کو تباہ کر دیتی ہے، انسدا د منشیات کے لیے عملی اقدامات کیے جار ہے ہیں،منشیات فروشی کے مکرہ دھندہ میں ملوث سماج دشمن عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے تاہم منشیات کے مکمل خاتمہ کے لیے عوام کا تعاون بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ طلباء منشیات فروشوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اپنے حصے کی شمع جلائیں،آپ کے علاقہ میں منشیات فروشی کی صورت میں پولیس کو فوراً اطلاع دیں، نوجوان نسل میں منشیات کا زہر اتارنے والوں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی،منشیات کا مکمل خاتمہ کر کے اپنی نسلوں کو اس لعنت سے بچائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ نشے کے عادی افراد کو انسداد منشیات سنٹرز, ہسپتالوں میں داخل کروایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر طلباء، طالبات نے انسداد منشیات کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔بعدازاں اختتام سیمینار انسداد منشیات کے حوالے سے آگاہی واک بھی کی گئی۔