تھر پارکر،31 اگست (ا ے پی پی): ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر مٹھی سنجے کمار ترکیو کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ریفارمز اوور سائٹ کمیٹی کا اجلاس کانفرنس ہال ڈی سی تھرپارکر کے دفتر میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مٹھی سنجے کمار ترکیو نے تعلیمی افسران کو ہدایت دی کہ وہ مسلسل غیر حاضر رہنے والے ملازمین اور گھوسٹ ملازمین کے خلاف فوری طور پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے شو کاز نوٹس جاری کریں، اس ضمن میں ایک شکایتی مرکز بھی قائم کیا جائے اور ان ملازمین کے خلاف جو بھی ایکشن لیا جائے اس سے ڈسٹرکٹ انتظامیہ و مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر کو ضرور آگاہ کیا جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر مٹھی سنجے کمار ترکیو نے ضلعے کے تمام ٹی اوز کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ اسکولوں کا دورہ کر کے ہفتہ وار پیشرفت رپورٹ دیں جبکہ مانیٹرنگ کے نظام کو کوآرڈینیٹس کے ساتھ مزید مستحکم بنایا جائے تاکہ مسائل کی ٹھیک طریقے سے نشاندہی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے افسران کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ درپیش مسائل کو اجاگر کریں اور ان کے حل کے لیے خود بھی کوششیں کریں۔انہوں نے متعلقہ تعلیمی افسران کو کہا کہ جو بھی ملازم ٹی او کو درخواست یا اطلاع کیے بغیر اگر اتفاقیہ چھٹی کرے تو اس کو بھی غیر حاضر تصور کیا جائے۔
اس موقع پر ڈی او ایجوکیشن اور مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر تھرپارکر نے بریفنگ دیتے ہوئے فعال اور غیر فعال سکولوں کے بارے میں اعداد و شمار سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مسلسل غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں جبکہ پورے صوبہ میں ٹیکسٹ بک کی کتابوں کی فراہمی کے مسائل موجود ہیں جس پر اعلیٰ حکام سمیت ٹیکسٹ بک اتھارٹی کو بھی خط ارسال کیے ہیں۔
اس موقع پر سکولوں میں بچوں کی تعداد بڑھانے، بنیادی سہولیات کی فراہمی ، باونڈری وال ، واش رومز ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، بجلی اور فرنیچرز کے مسائل زیرِ غور لائے گئے۔
اجلاس میں ضلعی ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری اور پرائمری شمش الدین راٹھور ، تمام متعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، چیف مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر تھرپارکر ابراہیم کمبھار, تمام تعلقوں کے ایجوکیشن آفیسر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری سمیت ایجوکیشن ورکس اور ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفس کے افسران سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔