بابائے حریت   کی دوسری برسی، مختلف سکولوں اور جامعات کے  طلبہ کا پاکستان میوزیم میں سید علی گیلانی کارنر کا دورہ

21

اسلام آباد،1ستمبر  (اے پی پی):ممتاز کشمیری رہنما اور بابائے حریت سید علی گیلانی کی دوسری برسی کے موقع پر جمعے کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مختلف سکولوں اور جامعات کے  طلبہ نے پاکستان میوزیم میں سید علی گیلانی کارنر کا دورہ کیا۔

 حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری شیخ عبد المتین اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی سمیت حریت رہنمائوں ایڈووکیٹ پرویز احمد اور گلشن احمد نے طلباءاور و طالبات کو بریفنگ دی ۔

 طلبہ نے سید علی گیلانی کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ سید علی گیلانی کی زندگی عملی جدوجہد کا بہترین نمونہ ہے، بابائے حریت نے باطل کے سامنے حق کی آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی پاک سرزمین سے والہانہ محبت کرتے تھے، سید علی گیلانی نے ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کا نعرہ دیا اور ان کا یہ نعرہ آج ہر کشمیری کی زبان پر ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آزادی کیلئے سید علی گیلانی کی بے مثال جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ طلبہ  نے کہا کہ سید علی گیلانی کے نظریے کے مطابق کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔